فلسطین کی اسلامی تحریک حماس کے سیاسی سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت پر امارت اسلامیہ افغانستان کے رئیس الوزراء کے دفتر سے تعزیتی پیغام
حامدا و مصلیا اما بعد:
قال الله تعالی:
اعوذ بالله من الشیطن الرجیم
بسم الله الرحمن الرحیم
مِّنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عٰهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ فَمِنْهُم مَّن قَضٰى نَحْبَهُۥ وَمِنْهُم مَّن يَنتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلًا (سُورَةُ الأحزَاب : ۲۳)
انتہائی افسوس کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی ہے کہ اسلامی تحریکِ مزاحمت ’حماس‘ کے رہنما یحییٰ سنوار صہیونی غاصبوں کے حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔
اللہ کی راہ میں شہادت ہر مسلمان اور لڑنے والے مجاہد کا سب سے بڑا خواب ہے۔ ہم بہادر مجاہد بھائی یحییٰ سنوار کی شہادت پر اسلامی تنظیم حماس، تمام مجاہدین اور خاص طور پر فلسطین کے مظلوم اور مجاہد عوام کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔
اللہ سنوار مرحوم کی شہادت کو قبول فرمائے، ان کے اہل خانہ اور تمام دوست احباب کو صبر جمیل اور اجر عظیم عطا فرمائے۔
قابض اسرائیلیوں کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ مجاہدین قائدین کی شہادت سے دشمن کے خلاف جہادی جدوجہد کو ان شاء اللہ کئی گنا زیادہ تقویت ملے گی۔
ہم دنیا کے تمام مسلمانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطین کے مظلوم عوام کے موقف کی حمایت کریں، ان کے پیچھے کھڑے ہوں اور اس حوالے سے الٰہی ذمہ داری پوری کریں جو سب پر لاگو ہوتی ہے۔
اللهم اجرنا فی مصیبتنا واخلف لناولهم خیرا منه
امارت اسلامیہ افغانستان
۱۵ ربیع الثانی ۱۴۴۶ھ
۲۷ میزان ۱۴۰۳ھ ش
۱۸ اکتوبر ۲۰۲۴ء
٭٭٭٭٭
امارت اسلامیہ افغانستان کے قاضی القضاۃ شیخ عبد الحکیم حقانی کی طرف سے تعزیتی پیغام
مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللهَ عَلَيْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَى نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ يَنْتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلًا
وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِينَ قُتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَمْوَاتًا بَلْ أَحْيَاءٌ عِنْدَ رَبِّهِمْ يُرْزَقُونَ
ہم اسلامی تحریکِ مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی دفتر کے سربراہ عظیم، نڈر اور مجاہد رہنما ابو ابراہیم یحیی ابراہیم حسن السنوار کی شہادت پر فلسطین کے غیرت مند لوگوں، مجاہد بھائیوں اور پوری امت مسلمہ سے تعزیت کرتے ہیں۔ وہ صہیونی غاصبوں کے خلاف زبردست جدوجہد کے بعد پوری بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہوئے اور اپنے رب کے حضور حاضر ہو گئے، اس حال میں کہ انہوں نے اپنی زندگی کے آخری لمحے تک غزہ کی باعزت سرزمین پر اپنے بھائیوں اور سپاہیوں کے ساتھ مل کر بے پناہ قربانی، مسلسل بہادری اور فداکاری کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مسجدِ اقصیٰ اور فلسطین کی مقدس سرزمین کے دفاع کے عادلانہ مقصد کے لیے اپنی زندگی کو وقف کر دیا۔
اللہ تعالیٰ اس عظیم شہید کی مغفرت فرمائے اور جنت کے وسیع باغات میں نعمتوں سے نوازے، ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ انہیں پاک شہیدوں کے زمرے میں شمار کرے اور اللہ تعالیٰ مرنے والے تمام لوگوں پر اپنے رحم و کرم کا معاملہ فرمائے۔
اسی طرح ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گوہیں کہ انہیں جنت الفردوس میں انبیاء، صدیقین، شہداء اور صالحین کے ساتھ درجہ عطا فرمائے، جو سب سے بہترین لوگ ہیں۔
ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ ہماری امت میں ان کا صالح اور قابل جانشین پیدا کرے جو ان کے راستے پر چلتا رہے اور جہاد کا علم بلند رکھے تاکہ بیت المقدس کی مقدس سرزمین صہیونی رژیم کے ناپاک وجود سے آزاد، پاک اور عزت کے ساتھ اسلامی امت کی آغوش میں واپس لائی جا سکے۔
رئیس سپریم کورٹ :امارتِ اسلامیہ افغانستان، قاضی القضاۃ
عبد الحکیم حقانی
٭٭٭٭٭